میڈرڈ،4اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سوئٹزرلینڈ کے تجربہ کار کھلاڑی راجر فیڈرر میامی اوپن جیتنے کے بعد پیشہ ورانہ ٹینس ایسوسی ایشن (اے ٹی پی) کی درجہ بندی میں چوتھے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ فیڈرر نے خطابی مقابلے میں اسپین کے رافیل نڈال کو شکست دے کر تیسری بارخطاب جیتا ہے۔ فیڈرر نے نڈال کو ہی شکست دے کر اپنا 18 واں گرینڈ سلیم خطاب جیتا تھا۔ وہیں برطانیہ کے اینڈی مرے درجہ بندی میں نمبر ایک پر بنے ہوئے ہیں۔میرے کے 11960 پوائنٹس ہیں۔ سربیا کے نوواک جوکووچ نے بھی اپنا دوسرا مقام برقرار رکھا ہے۔ ان کے 7915 پوائنٹس ہیں۔ دوسری طرف سوئٹزرلینڈ کے سٹان واورنکا تیسرے مقام پر ہیں۔ نڈال پانچویں مقام پر بنے ہوئے ہیں۔ کینیڈا کے ملوس راون کے 4،345 پوائنٹس ہیں اور وہ چھٹے نمبر پر ہیں۔ جاپان کے نمبر ایک کھلاڑی کیو کی نشیکوری کو ساتواں مقام حاصل ہوا ہے۔ کروشیا کے مارین سلی آٹھویں، آسٹریا کے ڈومینک تھیم نویں اور فرانس کے جو ولپھراڈ سونگا دسویں مقام پر ہیں۔